اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسپیشل اولمپکس میں میڈلز جیتنے پر پاکستان اسپیشل اولمپکس کی پوری ٹیم اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو صحت، تعلیم ، روزگار اور کھیلوں میں اپنا نام پیدا کرنے کا موقع دینا ہوگا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار برلن اسپیشل اولمپکس میں شرکت کرنے والی پاکستان کی اسپیشل اولمپکس ٹیم کے ممبران سے یہاں ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت اور خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے ملک کی نمائندگی کرنے اور نام روشن کرنے پر پاکستان کی اسپیشل اولمپکس ٹیم کو سراہا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مثبت سرگرمیوں میں افرادِ باہم معذوری کی شمولیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک جامع اور شمولیت پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے خواہاں ہیں ۔
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افرادکو ان کے ہنر اور صلاحیتوں کے مطابق نوکریاں فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم اسپیشل اولمپکس نے کھیل کے میدان میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پاکستان کی اسپیشل اولمپکس ٹیم کا 11 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینا باعثِ فخر ہے ، خوشی ہوئی کہ ذہنی معذوری کے شکار افراد نے بھی کھیلوں میں حصہ لیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی اسپیشل اولمپکس ٹیم نے میڈلز جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔