نوشہرہ (صباح نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا کا گڑھ تھا اور مستقبل میں بھی رہے گا۔تحریک انصاف آج بھی خیبرپختونخوا کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پارٹی ٹکٹ میرٹ پر تقسیم ہو ں گے۔بطور صوبائی صدر خیبرپختونخوا میں پارٹی کو منظم کرنا اولین ترجیح ہے۔
اپوزیشن نہ مارچ کرسکتی ہے نہ دھرنا، واولیلاسے عوام دھوکا نہیں کھائیں گے۔ ٹی وی پر تحریک انصاف کی بے بنیاد شکست کی خبریں چلائی گئیں، جے یو آئی نے 19 ،تحریک انصاف نے 17، اے این نے 4 اور باقی جماعتوں نے ایک، ایک سیٹ جیتی۔ تحریک انصاف نے دو ڈویژن میں سب سے زیادہ ووٹ لیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے بے بنیاد الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔ کارکنوں کی رائے سے ویلج کونسل کی سطح پر تحریک انصاف کی تنظیم سازی کی جائے گی، ویلج کونسلوں کی تنظیم تحصیل سطح پر تنظیم بنانے کی سفارش کرے گی نچلی سطح کی تنظیم کو مضبوط بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیات انتخابات میں کامیاب ہونے والے نو منتخب نمائندوں کا اجلاس سے خطاب اور عوامی نیشنل پارٹی سپین کانی کے دیرینہ کارکن صداقت خان کے خاندان سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیتی پروگرام کے بعد میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو مضبوط کرنے کے لیے کارکنان میدان میں نکلیں ۔ ضلع بھر میں تحریک انصاف نے ترقیاتی کاموں کاجال بچھایا۔عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات مہیا کررہے ہیں تا کہ کوئی دوسرے شہر علاج کیلئے نہ جائے۔
تحریک انصاف چار پانچ ماہ میں اتنی مستحکم ہوگی کہ کوئی مقابلہ کرنے والا نہیں ہو گا۔ موٹر وے سے خویشگی کے پاس بہت جلد انٹر چینج بنا رہے ہیں میں خود ٹھیکیدار ہوں مجھے معلوم ہے کہ کام کیسے کرنا ہے پورے ضلع میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں ۔