بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے،پی ڈی ایم


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک بیان میں حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ وسیم اکرم پلس کی حکومت رکن اسمبلی کو تحفظ نہیں دے سکتی تو عام شہری کو کیا دے گی۔

پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتنے دن گزرنے کے باوجود بلال یاسین پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری تو دور کی بات، ان کا سراغ تک نہیں ملا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بزدار حکومت کی نالائقی، نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مطالبہ کرتی ہے کہ حملہ آوروں کو فورا گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے، پی ڈی ایم  بلال یاسین کے کیس میں پنجاب حکومت کو کسی قسم کوتاہی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین قاتلانہ حملے کے روز دکان کے تنازع میں فریقین کے درمیان صلح کروانے گئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال یاسین واقعے کے روز لیگی ورکر حاجی لیاقت کے ساتھ ایک دکان کے تنازع میں صلح کروانے گئے تھے۔

بلال یاسین نے حاجی لیاقت کے ساتھ جانے سے انکار کردیا تھا، مگر حاجی لیاقت کی بیٹی کا فون آنے پر معاملہ حل کروانے چلے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صلح کروانے کے بعد آئس کریم کھانے کی بات ہی کی تھی کہ بلال یاسین پر فائرنگ ہوگئی۔ایم پی اے بلال یاسین کا کہنا ہے کہ حاجی لیاقت کے ساتھ دوسرے فریق کی صلح کروائی تو فائرنگ ہوگئی، فائرنگ کرکے ٹارگٹ مجھے ہی کیا گیا۔

بلال یاسین نے کہا کہ ٹانگ میں گولی لگتے ہی محسوس ہوگیا کہ فریکچر ہوگیا، یہ بات درست ہے حاجی لیاقت کے ساتھ جانے پر مزاحمت کی تھی۔

لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن )کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر ہونے والے حملے کے عینی شاہد اور سابق کونسلر میاں اکرام نے واقعے کی روداد سنا تے ہوئے بتایا کہ وہ اور بلال یاسین ساتھ کھڑے تھے کہ دو موٹر سائیکل سوار آئے اور بلال یاسین پر فائرنگ کر دی۔

میاں اکرام نے بتایا کہ چوتھا فائر مس ہوا اور حملہ آور بھاگ گئے، کچھ سیکنڈز بعد واپس آئے مگر ان کا پستول پھر نہ چلا اور ملزمان سے پستول وہیں گر گیا۔

سابق کونسلر نے مزید بتایا کہ بلال یاسین کو زخمی دیکھ کر ہم ان کی طرف بھاگے اور انہیں اسپتال پہنچایا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پستول پر لگے نمبروں سے چھیڑ چھاڑ کی، گولیوں پر موجود فنگر پرنٹس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

لاہور(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن)کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے میں استعمال ہونے والا پستول مل گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول مل گیا ہے اور پستول ترکش 9ایم ایم ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والا پستول نیلا گنبد اسلحہ مارکیٹ سے خریدا گیا تھا جہاں سے 3ڈیلرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔