اسلام آباد(صباح نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے باعث پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ ا یک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ اعلان کر رکھا ہے،تاہم اب پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع پی ڈی ایم کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو ہونے جارہے ہیں، جس کی وجہ سے لانگ مارچ کی تحریک متاثر ہوسکتی ہے، اس لئے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرکے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کو باربار تنبیہ کی گئی ہے کہ اپوزیشن لانگ مارچ کے احتجاج کی تاریخ بدلے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید بھی متعدد بار اپنے بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ 23مارچ کی تاریخ پر اعتراض ہے کیوں کہ اس دن فوجی پریڈ ہوتی ہے اور یہ پاک فوج کا عالمی سطح پر منایا جانے والا دن ہے، لانگ مارچ 15روز پہلے یا 7روز بعد کرلیں کیونکہ یومِ پاکستان کی پریڈ کے لیے ہمارا سارا جنگی سامان جی ٹی روڈ سے اسلام آباد پہنچتا ہے۔