کرپشن مسلم دنیا کا بڑا مسئلہ ،بدعنوان قیادت ہی اسکو قابل قبول بناتی ہے، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن مسلم دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، بدعنوان قیادت ہی کرپشن کو قابل قبول بناتی ہے، ہمیں کرپشن اور زیادتی کے واقعات کے خلاف ہمیں لڑنا ہو گا۔

 وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اسکالرز کے ساتھ آن لائن مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جنسی جرائم میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور معاشرے کو کرپشن اور جنسی جرائم کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادتی کے واقعات کے خلاف ہمیں لڑنا ہو گا اور بد قسمتی سے بدعنوان قیادت ہی کرپشن کو قابل قبول بناتی ہے اس لیے ہمیں کرپشن کو بھی ناقابل قبول بنانا ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ موبائل فون کی وجہ سے ہمیں مسائل کا سامنا ہے کیونکہ موبائل فون سے معلوماتی مواد کے ساتھ فحش مواد بھی ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور بچوں کے لیے جس قسم کی معلومات دستیاب ہیں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،عمران خان نے کہا کہ زیادتی کے واقعات خواتین کے ساتھ بچوں کے ساتھ بھی ہو رہے ہیں اور بہت سارے معاشروں کو اس صورت حال کا سامنا ہے۔ پاکستان سمیت زیادہ تر مسلم ممالک کو ایک جیسے مسائل درپیش ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے عالمی اسکالرز کے ساتھ مکالمے میں کہا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اخلاقیات کے معیار کو بلند کیا۔انہوں نے کہا تھا کہ وہی معاشرے اور قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں قانون اور انصاف کی حکمرانی ہوتی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے عالمی اسکالرز سے گفتگو میں یہ بھی کہا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مثالوں پر عمل کرنا ہی خوش حالی کا راستہ ہے۔