لاہور (صباح نیوز) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی انسٹرکٹر عذراسلطانہ کو گریڈ18میں ترقی دے کر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نرسنگ پنجاب تعینات کر دیا ہے اور انہوں نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں ۔
ینگ نرسز ایسوسی ایشن ایل جی ایچ کے وفد نے خالدہ تبسم کی قیادت میں عذراسلطانہ سے ملاقات کی اور اُن کی اس نئی تعیناتی کوانتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں جس سے نہ صرف نرسزکے مسائل حل ہوں گے بلکہ ان کی فلاح و بہبود کے لئے بھی مزید بہتری آئیگی۔
عذرا سلطانہ نے وفد کے ارکان سے گفتگو میں کہا کہ وہ نرسز کے جائز مسائل حل کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں برؤئے کار لائیں گی اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تا ریخ میں پہلی مرتبہ طب سے وابستہ ڈاکٹرونرسز کی پروموشن کے کیسز ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جا رہے ہیں جو انتہائی خوش آئند امر ہے ۔
عذراسلطانہ نے نرسز سے کہا کہ انہوں نے مخلوق خدا کی خدمت کے لئے اس شعبے کا انتخاب کیا تھا لہذا وہ کسی خوف و خطر کے بغیر اپنے فرائض سر انجام دیں گی اور “ہر مریض اہم ہے “کی پالیسی پر عملدآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔
عذراسلطانہ نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران نرسز نے جس جاں فشانی اور لگن سے فرنٹ فٹ پر رہ کر اپنے فرائض منصبی سر انجام دیے ہیں انہیں میڈیکل کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا ۔ عذراسلطانہ نے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نرسیں آئندہ بھی اسی پیشہ وارانہ لگن سے مریضوں کی نگہداشت جاری رکھیں گی ۔
ملاقات کرنے والی نرسز نے عذراسلطانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے پھولوں کے تحائف پیش کیے اور ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔