راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں چودہ اگست کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پرچم کشائی کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا، تقریب میں خطے کی کاروباری برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب راولپنڈی چیمبر کی ایک پرانی روایت ہے اور اس دن کے منانے کا مقصد کاروباری برادری کی طرف سے یہ پیغام دینا ہے کہ بزنس کمیونٹی اس ارضِ پاک اور مقدس سر زمین کی محبت میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کاروباری برادری عہد کرتی ہے کہ پیارے وطن پاکستان کے لئے وقت آنے پر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے،چیمبر میں منعقدہ پا کستان کے 76ویں یوم آزادی کی تقریب میں آر سی سی آئی کے صدر ثاقب رفیق،
گروپ لیڈر سہیل الطاف،نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ نے شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ تقریب میں سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، سمال چیمبر کے صدر طارق جدون، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، انجمن تاجران راولپنڈی کے نمائندوں اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرکرغیزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف اور بریگیڈیئر جنرل ایم سعد ڈیفنس اتاشی سفارت خانہ مصر بھی موجود تھے۔