اسلام آباد (صباح نیوز)جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف شرائط قوم کے لئے سخت آزمائش ہیں۔ ان شرائط کے ذریعے حکومت نے 22 کروڑ عوام کے پائوں میں زنجیریں پہنا دی ہیں،جو عوام کی ترقی کی راہ میں ناقابل عبور رکاوٹ ہیں۔ حکومت ترقی کے بلند بانگ دعوے اور وعدے یاد کرے۔
ان خیالات کا اظہار جماعتِ اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں کنٹرول کرنے کی بجائے ہر دن منی بجٹ لاتے ہیں اور اب میگا منی بجٹ قوم پر مسلط کر رہے ہیں اور اپنی حکمرانی قائم رکھنے کے لیے قوم کو خون کے آنسو رلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منی بجٹ کے اثرات کورونا اور ڈینگی سے زیادہ خطرناک ہوں گے ،معصوم بچوں کی پہنچ سے دودھ اور مریضوں سے ادویات دور کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے حکومتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئی ایم ایف سے طے ہونے والی شرائط قوم کے سامنے لائی جائیں اور سود در سود کے جس جال میں عوام کو جکڑا جا رہا ہے اس سے حکومت باز رہے اور اسلام کے نام پر عطا کردہ اس ملک میں اللہ اور رسول کے خلاف سود کی شکل میں جاری جنگ کو بند کیا جائے۔