کشمیریوں کا حق مزاحمت بحال کیا جائے۔ڈاکٹر محمد مشتاق خان


بھمبر(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا حق مزاحمت بحال کیا جائے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،بیس کیمپ کے عوام اپنے مظلوم بھائیوں کی آزادی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،شہداء کے مقد س خون کا تقاضا ہے کہ آزاد خطے میں حقیقی اسلامی تبدیلی لائے جائے اور کشمیرکی آزادی کے لیے جدوجہد کو تیز کیا جائے ،مراعات یافتہ طبقے کے لیے بجٹ موجود لیکن غریب کے منہ سے نوالہ بھی چھین لیاہے بیس کیمپ کے عوام علاقوں،برادریوں اور تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر اللہ کے دین کے غلبے اور قیام کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،جماعت اسلامی نے میرٹ کی بالادستی کے لیے طویل جدوجہد کی نوجوان تحریک اسلامی کا ہر اول دستہ بن کر کردار ادا کریںنوجوانوں کو مایوس نہیں کریں گے ،خواتین آبادی کا نصف سے زائد انہیں اپنی تنظیم میں شامل کیا جائے

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع بھمبر کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان،سابق مرکزی نائب امیر انجینئر راجہ خالد،امیر جماعت اسلامی ضلع بھمبر ڈاکٹر عطاء اللہ قاسمی،مظفر حسین سمیت دیگر راہنمائوں نے خطاب کیا ،استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ ملک جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ اللہ کے دئیے ہوئے نظام کی بجائے انگریزوں کابنایاہوا نظام ہے سارے مسائل کا حل اللہ کے دیئے ہوئے نظام کے قیام اور نفاذ میں مضمر ہے بیس کیمپ کے عوام علاقوں اور برادریوں کے تعصبات سے بالا ہو کر حقیقی اسلامی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ظلم پر مبنی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے یہ تب ہو گا جب آپ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے ۔