لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئے سال پرپٹرول بم گرانے سے بہترتھا کہ عمران نیازی استعفیٰ دے دیتے، پی ٹی آئی حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی۔
انہوں نے نئے سال پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ نئے سال پر پٹرول بم پھینکنے سے بہتر تھا کہ عمران نیازی استعفیٰ دے دیتے، دنیا میں حکومتیں خوشی کے تہواروں پراشیاسستی کرتی ہیں عمران نیازی نے مہنگائی کا بم گرادیا۔ پی ٹی آئی حکومت کو عوام کی سال نو پر خوشی بھی برداشت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دوسرا نام ظلم، استحصال اور بے حسی ہے۔ عمران نیازی اپنی حماقتوں کی سزا قوم کونہ دیں۔ عوام کو زندہ درگور کرنے کے بجائے عمران نیازی مستعفی ہوجائیں۔نئے سال میں قوم کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے بچانے کے لئے ظالم حکومت سے نجات پانا ہوگی۔ اللہ تعالی سے دعا ہے نیا سال قوم کو مہنگائی، بدانتظامی، معاشی بربادی، بھوک، بیماری، ظلم و ناانصافی کے عذابوں سے نجات کی شروعات کا سال بن جائے۔