راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے عالمی جونئیر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے ملاقات کی اور آرمی چیف نے انہیں وطن کا پرچم سر بلند کرنے پر مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے عالمی جونئیر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے ملاقات کی، ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔پاک فوج کے سپہ سالار نے نوجوان چیمپئن حمزہ خان کو وطن کا پریم سر بلند کرنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے حمزہ خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسا ٹیلنٹ ہمارے لیے باعث فخر ہے، آپ کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ قوم کتنی باصلاحیت ہے، آرمی ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھے گی۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ تعلیم اور کھیل میں مزید کامیابیوں کے لیے مدد کا سلسلہ جاری رہے گا، نواجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، توجہ، عزم اور سخت محنت سے ایسا کچھ نہیں جوپاکستان حاصل نہ کرسکے۔