نئے تعمیراتی کاموں کے باوجود بارش سے پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجدکی چھت ٹپکنے لگی

اسلام آباد (صباح نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں نئے تعمیراتی کاموں کے باوجود بارش سے مسجد کی چھت ٹپکنے لگی ، نمازیوں نے اظہار تشویش کیا ، سپیکر قومی اسمبلی سے غیر معیاری تعمیراتی کاموں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کی چھت حالیہ بارشوں سے ٹپکنے لگی اور وضو خانے کے مقام چھتوں سے ٹپکنے والے اس پانی کے لیے زمین پر دو بالٹیاں رکھ دی گئیں ۔ بھاری فنڈز سے پارلیمنٹ ہاؤس کے دیگر مقامات پر تعمیراتی کاموں کے علاوہ جامع مسجد کی تزئین و آرائش و ضروری تعمیر و مرمت کے کام مکمل کئے گئے تھے لیکن بارش نے ان تعمیراتی کاموں کا بھانڈا پھوڑ دیا اور مسجد کی چھت بھی بارش سے ٹپکنے لگی ۔ سپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں تعمیراتی کاموں کے باوجود چھتیں ٹپکنے کا نوٹس لیا جائے ۔