ایوان صدر کی جامع مسجد سے ”اسلام میں خاندان کے نظام کا تصور” کے موضوع پر خطبہ جمعہ براہ راست نشر


اسلام آباد(صباح نیوز)ایوان صدر اسلام آباد کی جامع مسجد سے ”اسلام میں خاندان کے نظام کا تصور” کے موضوع پر حسب معمول خطبہ جمعہ براہ راست نشر کیا گیا۔ڈاکٹر انیس احمد نے خطبہ جمعہ دیا۔

ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ ڈاکٹر انیس احمد نے خطبہ جمعہ میں قرآن و سنت کی روشنی میں خاندان کی اہمیت اور تقوی کے فضائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاندان تربیت دینے والا پہلا ادارہ ہوتا ہے، خاندان معاشرے کے محفوظ ہونے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے تصور خاندان میں مرد اور عورت برابر ہیں، اللہ تعالی نے ایک نفس سے ان کا جوڑا تخلیق کیا۔

انہوں نے کہا کہ خاندان کا تصور محدود نہیں بلکہ وسیع ہے، جدید تہذیب نے خاندان کے نظام کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا تقوی اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، تقوی کا مفہوم اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے، تمام معاملات میں اللہ کی رضا حاصل کرنے والا متقی ہوتا ہے، اسلام میں رہبانیت کا کوئی تصور نہیں۔

اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لیے ایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔