امام حسین نے حق کا پرچم بلند کیا،لیاقت بلوچ

راولپنڈی، لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امام حسین نے حق کا پرچم بلند کیا۔ راولپنڈی، لاہور میں شہادتِ حسین اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ زندہ رہنے اور زندوں کی طرح زندگی گزارنے کا حق صرف اس کو ہے جو باطل کے مقابلہ میں حق کی خاطر جان دینے کے لیے تیار ہو۔ وہ قومیں جو موت سے ڈرتی اور زندگی کی عیاشیوں سے عشق کرتی ہیں ان کا مقدر زندہ درگور ہونا ہی بن جاتا ہے۔ امام حسین نے حق کا پرچم بلند کیا، ریاست اور انسانوں کے اجتماعی نظام کو اسلام و شریعتِ محمدیۖ کے اصولوں سے الگ کرنے کے اقدامات سے بغاوت کی۔ خانوادہ رسول اللہۖ نے شہادتوں کے جام پی لیے لیکن باطل کے سامنے سرنگوں ہونے سے انکار کردیا۔ یزید کا نظام اور طرزِ حکومت قیامت تک باطل ٹھہرا اور امام حسین کی قیادت میں قافلہ کی شہادت ہی قیامت تک حق ہے۔ ہر دور کے اہلِ ایمان کی ذمہ داری ہے کہ یزیدی نظام کے مقابلہ میں کمربستہ ہوجائیں۔ مردہ یزید ہی نہیں یزیدی نظام مسلط کرنے والے حکمران بھی یزید کے ہی پیروکار ہیں۔ اتحادِ امت دردِ مشترک، قدرِ مشترک ہی اہلِ ایمان کی طاقت ہے۔

لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ اسمبلیوں کی مدت مکل ہونے کے بعد آئین پابند کرتا ہے کہ 60 دن یا 90 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کا لتوا بھی غیرآئینی تھا اور قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کے بعد انتخابات کا التوا کا کوئی بھی جواز غیر آئینی، غیرجمہوری ہوگا۔ ماضی کی طرح غیر آئینی اقدام انتہائی منفی اثرات لائے گا۔ سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے بحرانون کا تقاضا ہے کہ بروقت، صاف شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کرائے جائیں۔ اتحادی حکومت نااہل اور ناکام تھی لیکن آخری ایام میں اپنی ناکامیوں اور عوام دشمن چہرے کو چھپانے کے لیے دھڑا دھڑ فرضی، نمائشی انتخابی منصوبے، فرضی انتقام لیے جارہے ہیں۔ عوام حکومت کی چال بازیوں کو جانتے ہیں۔ ووٹ کی طاقت سے اپنے اوپر ظلم و ستم، مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، بجلی، گیس لوڈشیڈنگ کے مسلط کردہ عذاب کابدلہ لیںگے۔