سپریم کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی

سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس مس مسرت ہلالی پر مشتمل دورکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے قراردیا کہ ٹرائل کورٹ کو فوجداری کارروائی سے اُس وقت تک نہیں روکا جاسکتا جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ کسی مقدمہ کا فیصلہ نہ کردے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ، ٹرائل کورٹ کے دائرہ اختیار اور جج ہمایوں دلاور پر اعتراضات سے متعلق ایک ساتھ فیصلہ کرے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالت ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ کے اختیارات میں مداخلت نہیں کریگی، اسلام آباد ہائی کورٹ یاٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت کرنا سپریم کورٹ کے لئے مناسب نہیں ہو گا۔ اس پر پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل خواجہ حارث احمد نے کہا کہ ہم معاملہ کسی اورجج کو منتقل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی اس کے علاوہ ہم نے عدالت کے دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کیا تھا لیکن ان درخواستوں پرفیصلہ کئے بغیر کیس ریمانڈ بیک کیا گیا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ سے گزارش کریں گے کہ وہ آپ کی تمام درخواستوں کو اکٹھا کر کے سنے اور حکم امتناع جاری کرنے کا معاملہ بھی کل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے ہی رکھیں۔عدالت نے خواجہ حارث کی جانب سے ماتحت عدالت میں کیس کی کارروائی پر حکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کری اور قراردیا کہ اس معاملہ میں سپریم کورٹ کے لئے مناسب نہیں ہو گااب اسلام آباد ہائی کورٹ ہی اس سارے معاملہ کو دیکھے گی۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس میںپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے دائر اپیل نمٹا دی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔