گوجرانوالہ(صباح نیوز)گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو دہشت گردی کے مقدمے سے بری کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے خلاف گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ رانا ثنااللہ انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالا میں پیش ہوئے، عدالت نے بذریعہ نوٹس رانا ثنااللہ کو طلب کیا تھا۔دوران سماعت مدعی مقدمہ نے اپنا بیان تبدیل کرلیا جس پر عدالت نے رانا ثنا اللہ کو مقدمے سے بری کر دیا۔
واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف 25اگست 2022کو شاہ کاز اسلم نامی شہری کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا تھا جس میں ان پر چیف سیکرٹری اور ان کے اہلخانہ کوجان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔گوجرانوالہ کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مجھ سمیت ہمارے تمام قائدین عدالتوں میں پیش ہوئے،ہم نے عدالتوں کے دروازے توڑے نہ ججز کو کام سے روکا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل کسی کو اطلاع نہیں کی، ہم ایک عام آدمی کی حیثیت سے عدالتوں میں پیش ہوئے اور قانون کا سامنا کیا۔وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ہم نے سروں پر بالٹیاں نہیں رکھیں اور نہ اس طرح کے ڈرامے کئے ۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔