دوسرا ٹیسٹ: پہلے روز سری لنکا 166 رنز پر ڈھیر، پاکستان کے 145 رنز پر 2 آؤٹ

کولمبو(صباح نیوز)پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دومیچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز شان دار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 166 رنز پر آوٹ کردیا جبکہ جواب میں عبداللہ شفیق اور شان مسعود کی نصف سنچریوں کی بدولت دو وکٹوں پر 145 رنز بنالیے۔کولمبو میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکن اوپنر نشان مدوشکا 4 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے، ان کے بعد کوشل مینڈس 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کے علاوہ انجیلو میتھیوز 9 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، ان کے بعد کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا سکے، اس موقع پر سری لنکا کے مجموعی طور پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنائے تھے۔اس کے بعد چندیمل اور ڈی سلوا نے پانچویں وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کرکے سری لنکا کا مجموعی اسکور 121 رنز پر پہنچا دیا، تاہم نسیم شاہ نے دنیش چندیمل کو امام الحق کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروا دیا اور پاکستان کے لیے خطرناک نظر آنے والی شراکت داری کو توڑ دیا۔سری لنکا کو چھٹا نقصان سدیرا سمارا وکرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ابرار احمد کا شکار بنے، اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا بھی 57 رنز بنا کر ابرار احمد کی بالنگ پر سعود شکیل کو کیچ دے بیٹھے۔سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 136 رنز پر گری جب شان مسعود نے پربت جے سوریا کو رن آوٹ کر دیا، اس کے بعد اسیتھا فرنینڈو کو بھی ابرار احمد نے بولڈ کر دیا۔مہمان ٹیم کی آخری وکٹ 166 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب رمیش مینڈس 27 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 69 رنز کے عوض 4 اور نسیم شاہ نے 41 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے ایک سری لنکن بلے باز کو پویلین بھیجا۔قبل ازیں سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جب کہ قومی ٹیم گزشتہ میچ کی طرح جارحانہ انداز برقرار رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اس سیریز کے ساتھ دونوں ٹیموں نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا آغاز کیا ہے۔سیریز کے دوسرے اور فائنل ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جو پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔سری لنکا نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فاسٹ بالرز وشوا فرنینڈو اور کاسن راجیتھا کی جگہ آسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشنکا کو شامل کیا گیا ہے۔سری لنکا کے لیے چھ ون ڈے اور 11 ٹی 20 کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر مدوشنکا نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔بارش کے باعث کھیل کا آغاز آدھا گھنٹہ تاخیر سے ہوا تاہم دن کے مقررہ اوورز میں سے کوئی اوور کم نہیں کیا گیا۔پاکستان نے گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔۔