اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیربرائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ اسمبلی کی مدت پوری اور انتخابات آئین مطابق کرائے جانے کے حامی ہیں ‘صدر آصف علی زرداری کی کوششوں سے تیسری اسمبلی اپنی مدت پوری کر رہی ہے ۔پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز نے انتخابات میں جانے کی تیاری مکمل کر رکھی ہے،راہنمائی صدر زرداری کی ‘قیادت بلاول بھٹو زرداری کی فتح عوام کی ہوگی،پیپلزپارٹی کا ہر کارکن بلاول بھٹو زرداری کا سفیر ہے ۔
ان خیالات کااظہار شازیہ عطا مری نے جاری اپنے بیان میں کیا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بلاول عوام کا مقبول نعرہ بن چکا ہے ‘چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خارجہ امور میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوا لیا ہے ‘چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سے خفا مملکت کو پاکستان کا دوست بنا لیا ہے۔شازیہ مری کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے شاندار مستقبل کی ضمانت ہے ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ وسیع ہوگا ریاست کے ثمرات غریبوں تک پہنچائے جائیں گے۔