آزاد کشمیر کا الیکشن،کشمیریوں کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے۔شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف  نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہو گا، کشمیریوں کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے یہ بات کہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کیلئے تعمیر، ترقی، خوش حالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں موٹر ویز، تعلیم، صحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے کرم سے مسلم لیگ نون کے ساتھ کشمیر کے عوام نے تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ کامیاب الیکشن مہم پر تمام رہنماوں، کارکنان اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام باشعور اور اہلِ بصیرت ہیں، جو اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنے والے آزاد کشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے۔انہوں نے دعوی کیا کہ جیسے پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی، اسی طرح آزاد کشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کا ولولہ، کارکنان کا جذبہ اور ووٹرز کا جوش شیر کی فتح کی نوید ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر مسلم لیگ نون کے جلسوں میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔صدر نون لیگ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری 3 سال میں پاکستان اور 8 سال میں خیبر پختون خوا کے عوام کو ستانے والوں کو چلتا کریں۔قومی اسبملی میں اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہاکہ شیر کو ووٹ دینے کا مطلب، مقبوضہ کشمیر اور آپ کے حقوق کا یقینی تحفظ اور ترقی کی ضمانت ہے،علاوہ ازیں مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف نے عالم اسلام کو حج اور عیدالاضحی کی مبارک دی ہے اور کہاہے کہ حج اس بار بھی کورونا وبا کے مصائب میں آیا ہے، اللہ تعالی اس موذی مرض سے دنیا کونجات دے۔

اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہاکہ حج اور عیدالاضحی کے مقدس دن ساتھ ساتھ آنا اللہ تعالی کی خاص رحمت کامظہر ہے، اللہ تعالی کی خوشنودی اور رضا کا حصول ہی اس عظیم دن کا سبق ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن اپنے اردگرد ضرورت مندوں اور مستحقین کاخصوصی خیال رکھا جائے، مقبوضہ فلسطین، جموں و کشمیر اور دیگر مقامات پر متاثرہ مسلمانوں کا ہم سب کو خیال رکھنا ہے