محرم الحرام کا مقدس مہینہ ایثار قربانی اور یگانگت کا درس دیتا ہے،فیصل کریم کنڈی


ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)محرم الحرام کے حوالے سے وزیر مملکت برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ  محرم الحرام کا مقدس مہینہ ایثار قربانی اور یگانگت کا درس دیتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے  اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ایثار قربانی اور یگانگت کا درس دیتا ہے،شہدائے کربلا مسلمانوں کے ہی نہیں انسانیت کے محسن ہیں۔ شہدائے کربلا نے اپنے کردار سے ثابت کیا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ کے دین اور تعلیمات پر ڈٹ جانا کسے کہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہدائے کربلا کا کردار مسلمانوں کے لئے قیامت تک مشعل راہ ہے۔ ہمیں اپنے نفس کومارنے ، دوسروں کو انکے حقوق دینے کے لئے امام عالی مقام کی روش اپنانی ہوگی۔ نفسانی خواہشات کو ترک کرکے دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی شہدائے کربلا کی خوشنودی کا سبب بنتا ہے۔ محرم الحرام کے ایام میں ہمیں اسلام اور ملک دشمن قوتوں کے عزائم ناپاک بنانے کے لئے رواداری اور اتحاد بین المسلمین کے اصول اپنانے ہونگے ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہدائے کربلا کی ارواح آج بھی ہم میں حسینی کردار دیکھ کر خوش ہونگی۔ شہدائے کربلا کے نانا محسن انسانیت نبی کریم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا ہم سب کو عہد کرنا ہوگا۔