پاکستان معاشی طورپرمحفوظ مقام پرہے،سینیٹرمحمداسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ جون 2023 میں مسلسل چوتھے ماہ حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 334 ملین ڈالرفاضل ہے، الحمداللہ پاکستان معاشی طورپرمحفوظ مقام پرہے۔منگل کویہاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ جون 2022 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 2321 ملین ڈالرتھا، گزشتہ مالی سال میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 2.560 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاجو مالی سال 2022میں 17.4 ارب ڈالرتھا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ تجارتی اورحسابات جاریہ کے کھاتوں میں نمایاں بہتری سے وزیراعظم محمدشہبازشریف کی حکومت کے بہتر انتظام وانصرام کی عکاسی ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے بہتر، دانش مندانہ اورعملی پالیسیوں اوراقدامات کے زریعہ ملک کودیوالیہ ہونے سے بچایا، ہم نے گزشتہ ایک سال میں تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پرکی ہے اوراس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان قرضوں میں دیوالیہ نہ ہو ۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزارت خزانہ اورسٹیٹ بینک کے ماہرین کی کوششوں کوبھی سراہا اورکہاکہ ملک کو17 ارب ڈالر کے خسارے میں ڈالنے والے ان پنڈتوں کی پیش گوئیاں آج غلط ثابت ہوچکی ہے،

یہ لوگ ملک کے اندر اورباہربیٹھ کرملک کے دیوالیہ ہونے کی تاریخیں دے رہے تھے حالانکہ پاکستان کو ان خساروں کا شکارکرنے کے ذمہ داربھی یہی لوگ تھے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ الحمداللہ پاکستان معاشی طورپرمحفوظ مقام پرہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ جب اگست میں ہم حکومت چھوڑکرجائے توزرمبادلہ کے ذخائر 14 سے لیکر 15 ارب ڈالر کی سطح پرہوں، گزشتہ سال ہماری حکومت کے آغاز پربھی زرمبادلہ کے ذخائر 14 سے لیکر15 ارب ڈالرکے درمیان تھے۔۔