اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں، 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، کل پھر چین کے ایگزم بینک نے 60 کروڑ ڈالر رول اوور کئے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کے اجرا ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں کہے بغیر نہیں رہ سکتا، مجھے منع کیا گیا تھا کہ نام نہ لوں، لیکن کیا کروں، جو دوست مہربانی کرتا ہے، اس کو یاد رکھنا چاہیے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ کل پھر چین کے ایکسپورٹ۔امپورٹ (ایگزم) بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ ڈالر رول اوور کر دئیے ہیں، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، میں اگر سفارتی آداب کا خیال رکھوں تو شاید نام نہ لیتا لیکن دل یہ کہتا ہے کہ جس نے احسان کیا ہو، اس کو یاد رکھا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں لیکن دعا کریں کہ قرضوں سے نہیں، قوم کی اپنی محنت،کمائی اور قربانی سے بڑھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اور یہ ممکن ہے، جس طرح ان بچے، بچیوں نے مختلف کھیلوں کے میدان میں گولڈ میڈلز لیے، میں سمجھتا ہوں کہ اس سے ہمیں سبق اور ہمت حاصل کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اللہ تعالی نے ہمیں آئندہ موقع دیا تو قوم کے ان کروڑوں بچے اور بچیوں کی تعلیم، ان کی ووکیشنل ٹریننگ اور ان کے کھیل کود کے میدان بنانے اور سجانے میں جتنے بھی ہم وسائل مہیا کرسکیں گے، ان شا اللہ کریں گے، لیکن یہ سب اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مجھے اس تقریب میں حاضر ہو کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ میں ان نوجوانوں کو یہاں پر مل رہا ہوں، جنہوں نے انتہائی قلیل وسائل کے باوجود اپنے انتہائی قابل احترام ٹرینرز، کوچز اور والدین کی دعاؤں سے جو پاکستان کا دنیا میں نام روشن کروایا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آپ ہم سب کی اور پوری قوم کی دل کی گہرائیوں سے تحسین کے حقدار ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا اگر پاکستان نے اور میدانوں میں سست روی دکھائی ہے تو ان جوانوں نے کھیل کے میدان میں پاکستان کا جھنڈا پوری دنیا میں بلند کیا ہے، آج 5ارب روپے کا پرائم منسٹر فنڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح بتایا گیا کہ پانچ ارب روپے میں سے ڈھائی ارب روپے جاری اخراجات کے لیے ہیں، جو کہ سفری اخراجات، ٹکٹ کے خرچے وغیرہ کے لیے رکھے گئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ 5 ارب روپے آٹے میں نمک کے برابر ہیں کیونکہ پورے ملک میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں بچے اور بچیاں اس قابل ہیں کہ اگر ان کو صحیح ماحول اور مواقع مہیا کیے جائیں تو وہ دنیا کی بہترین ٹیموں سے بھی آگے نکل سکتے ہیں، لہذا یہ پانچ ارب روپے اس بجٹ میں رکھے گئے ہیں، نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان آگے بڑھے گا، نوجوانوں کے لیے جتنا ممکن ہوسکیگا وسائل فراہم کریں گے، امید ہے کہ جو بھی حکومت الیکشن کے نتیجے میں آئے گی، وہ حالات بہتر ہونے پر اس بجٹ میں اضافہ کرے گی۔