طارق فضل چوہدری کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق، وزیر اعظم کا اظہار افسوس


اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما طارق فضل چوہدری کا جواں عمر صاحبزادہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔

اسلام آباد کے علاقے سیونتھ ایونیو کے قریب لیگی رہنما کے بیٹے عنزہ طارق چوہدری کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ساتھ میں سوار دوست زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق تیز رفتاری کی وجہ سے گاڑی کھمبے سے ٹکرائی اور الٹ گئی جس کے نتیجے میں عنزہ طارق چوہدری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے جواں سال صاحبزادے کی سڑک حادثے میں وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے عنزہ طارق کی وفات پر اہل خانہ سے دلی رنج وغم اور صدمے کا اظہار کیا ہے وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔