اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)نے امیدواروں کے حلقوں میں خفیہ سروے کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ انتخابی حلقوں میں لیگی امیدواروں کی پوزیشن اور جیت کے امکانات کے حوالے سے رپورٹ تیار کی جائے گی۔دو ہفتوں میں سروے رپورٹ مکمل کر کے پنجاب کی قیادت کو دینے کی ہدایت کی گئی ۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اورسابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے ٹکٹوں کی تقسیم میں شفافیت کے لئے پلان ترتیب دے دیا ہے۔ (ن)لیگ نے ٹکٹوں کی تقسیم سے قبل لیگی امیدواروں کے حلقوں میں خفیہ سروے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امیدواروں کو اپنے، اپنے حلقوں میں موجودہ حالات پر سروے کی بنیاد پر رپورٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ صوبے میں کتنے (ن)لیگی قومی اورصوبائی امیدواروں کو بظاہر برتری اور کتنی نشستیں حاصل ہو سکیں گی
اس حوالے سے بھی رپورٹ تیار کی جائے گی۔ (ن)لیگ نے اپنے حلقوں میں بہتر کارکردگی نہ رکھنے امیدواروں کے متبادل امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔میاں محمد نوازشریف کی ہدایت پر آئندہ دو ہفتوں میں رپورٹ مکمل کر کے پنجاب کی قیادت کو دی جائے گی۔ رپورٹ کی روشنی میں شفافیت کی بنیاد پر ٹکٹوں کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو گا۔