جنیوا (صباح نیوز)ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او)کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا ہے کہ امیر ممالک میں بوسٹر ڈوز کی مہم کورونا وبا کو مزید پھیلانے کا سبب بن رہی ہے کیونکہ غریب ممالک پہلے ہی ابتدائی کورونا ویکسین سے محروم ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈ روس امریکا اور یورپی ممالک میں کورونا وائرس کے ریکارڈ نئے کیسز رپورٹ ہونے سے متعلق بیان میں کہاکہ کورونا وائرس کے ڈیلٹا اور اومی کرون ویرینٹ مل کر کورونا کیسز کے خطرناک سونامی کو جنم دے رہے ہیں۔
ٹیڈ روس نے کہا کہ ڈیلٹا اور اومی کرون ویرینٹ کے کیسز پہلے سے تھکے ہوئے صحتِ عامہ کے کارکنان کے لیے مزید دبائو بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحتِ عامہ کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق 26 دسمبر سے پہلے کے ہفتے میں یورپ میں تمام اقسام کے نئے کووِڈ انفیکشنز کی تعداد میں 57 فیصد اور امریکا میں 30 فیصد اضافہ ہوا ۔