زیارت (صباح نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما و سابق ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان کی جانب سے مسلسل جمعیت علما اسلام کے خلاف بیانات دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایمل کا نہیں ولی کا خیال ہے، اے این پی کے بڑے ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن کاش چھوٹے بھی اس احترام کے رشتے کا پاس رکھتے۔
وہ زیارت میں جمعیت علما اسلام صوبہ بلوچستان کی مجلس عمومی کے اجلاس میں شرکت کے بعد کوئٹہ واپسی کے موقع پر مقامی صحافیوں کی جانب سے ایمل ولی خان کے بیانات کے متعلق پوچھے گئے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان کے بیانات پر ہم نے چوہدری شجاعت فارمولہ کے تحت مٹی پاو والی پالیسی اپنائی ہوئی ہے کیوں کہ اب حکومت کی مدت ایک ماہ باقی رہ چکی ہے اب ایسے وقت میں ہم نہیں چاہتے کہ طلاق یا خلع کی صورتحال پیدا نہ ہواور ایمل ولی خان بھی دوسرے اتحادیوں کے تمام شکوے اور غصہ ہم پر نہ اتاریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ترکش میں بھی بہت تیر ہیں اور موٹر وے کرپشن پر بھی بات ہوسکتی ہے اور جب بات نکلے گی تو بہت دور تک جائے گی لیکن ہم خان عبدالغفار خان، خان عبدالولی خان، اسفند یار ولی خان سمیت اے این پی کے اکابرین کا احترام کرتے ہیں اس لیے اس معاملے پر زیادہ گفتگو نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ تحفظات اور شکایات کو بیٹھ کر پشتومیں بڑی آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے بشرطیکہ اس وقت اکابرین درمیان میں ہوتے۔ حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ اے این پی سے لاکھ نظریاتی اختلاف کے باوجود آج بھی ہمارا ان کے ساتھ احترام کا تعلق قائم ہے اس لیے ایمل ولی خان اور اے این پی کی موجودہ قیادت بھی اسی احترام کے تعلق کو مد نظر رکھیں