بلدیاتی ٹی 20 میں مولانا الیون نے عمران الیون کو شکست سے دوچار کیا،حافظ حسین احمد


کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے جزوی بلدیاتی ٹی 20میں مولانا الیون نے عمران الیون کو شکست سے دوچار کر دیا لیکن کپتان عمران نیازی نے اپنے بجائے تحریک انصاف کے تمام عہدیداروں کو سولی پر لٹکا دیا۔

اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن الیون نے عمران خان الیون کی جو درگت بنائی اس سے جے یو آئی( ف )سے زیادہ مسلم لیگ ن والے خوشیاں مناتے نظر آئے وہ اس پر کیوں شاد مان نہ ہوں آخر آزادی مارچ کے حوالے سے بڑاحصہ بلکہ سب انہی کا ہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران خان نیازی تحریک انصاف کے عہدیداروں سے انصاف کرتے اور برطرفی سے پہلے کم از کم امپائر سے پوچھتے کہ کہیں چوہدریوں نے تو ان کے ہاتھ پیچھے سے باندھ نہیں رکھے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کپتان اگرچہ میچ فکسنگ میں ماہر سمجھے جاتے ہیں اور یہ میچز کھلاڑیوں کے ذریعہ انجام پاتے لیکن تازہ ترین طریقہ واردات میں کھلاڑیوں سے زیادہ امپائر کی خدمات موثر ثابت ہوئی ہیں۔