سینیٹر مشتاق احمد خان کا فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ناجائز ٹیکس کے خلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان


پشاور ( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ناروا اور ناجائز ٹیکس کے خلاف ( جمعہ کے روز )  صوبہ بھر کے ضلعی او ر تحصیل ہیڈ کوآرٹرز پر احتجاجی مظاہروں کی اپیل کردی ۔

المرکز الاسلامی پشاور سے جاری بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) کے نام پر خیبر پختونخوا کے عوام کی جیبوں پر پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومت نے ڈاکہ ڈالا ہے اُس کے خلاف جمعہ کو خیبر پختونخوا کے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا یہ ڈاکہ غیر قانونی اور ماورائے دستور ہے، اِس کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ 28 یونٹس خرچ کرنے والے کو 4 ہزار روپے کا بل بھجوا دیا گیا ہے، یہ سراسر ظلم اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ دہشتگردی جیسا عمل ہے۔ خیبر پختونخوا 4500 میگاواٹ سے زیادہ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے ، لیکن حکومت یہاں کے عوام کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوٹ رہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں بجلی تیل سے نہیں بنائی جاتی یہاں پن بجلی بنائی جاتی ہے اس لئے اس صوبے کے عوام کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر نہیں لُوٹاجاسکتا۔

انھوں نے کہا کہ ہم اسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں اور ہم عدالت سے استدعا کریں گے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر صوبے کے عوام سے بجلی کے بلوں میں جو رقم لی گئی ہے اسے عوام کو واپس کیا جائے یا بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر مارے گئے ڈاکے میں بیواؤں، یتیموں، مدارس اور یہاں تک مساجد کو بھی نہیں بخشا گیا اور انھیں بھاری بل بھجوا دئے گئے۔حکومت کی اس ظالمانہ روش سے عوام تکلیف میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جمعہ کو صوبہ بھر میں مظاہرے کریں گے، عوام کو بیدار کریں گے اور پی ٹی آئی کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی جیبوں پر ڈالے گئے ڈاکے کی مذمت کریں گے۔