لاہور،این اے133 ضمنی انتخاب،امیدواروں کی فہرست جاری


لاہور(صباح نیوز) حلقہ این اے 133  لاہورکے ضمنی انتخاب کے لیے ریٹرننگ آفیسر نے سکروٹنی کے بعد امیدواروں کی فہرست جاری کردی ۔ 14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 7 کے مسترد کئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق این اے 133 کے لیے کل 21  امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جبکہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

مسلم لیگ ن کے چوہدری نصیر بھٹہ اور شائستہ پرویز ملک  کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ۔پیپلز پارٹی کے اسلم گل کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید کے کاغذات مسترد کیے گئے۔ اکمل خان ، رضوان الحق ، محمد عظیم ، محمد عنبر کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کیے گئے۔

این اے 133 کا ضمنی انتخاب 5 دسمبر کو ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ امیدوار کاغذات نامزدگی 11 نومبر تک واپس لے سکتے ہیں۔ امیدواروں کو 12 نومبر کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے۔