پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکاء اشرف نے چارج سنبھال لیا


لاہور(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے نئے چیئرمین ذکاء اشرف نے چارج سنبھال لیا،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ میٹنگز میں شرکت کے لیے کل  ذکا اشرف جنوبی افریقا روانہ ہوں گے۔

لاہور میں ذکاء اشرف پی سی بی ہیڈکوارٹرز پہنچے تو کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے ہمراہ پی سی بی کے سی او او سلمان نصیر بھی جائیں گے۔آئی سی سی کی سالانہ میٹنگز 10سے 13جولائی تک جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں ہوں گی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی میٹنگز میں اہم امور زیرِ بحث آئیں گے جبکہ اس دوران سالانہ رپورٹ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے ممبرز کو بریف کرے گا جبکہ میٹنگز کی سائیڈ لائنز پر پی سی بی کے عہدے داران ممبرز ممالک کے عہدے داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کے میچز میں اضافے اور دیگر امور پر بھی اے سی سی کے ممبرز سے سائیڈ لائنز پر بات ہو گی۔