آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی،بابراعظم کی ایک درجہ تنزلی


اسلام آباد (صباح نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی جس میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹے نمبر پر آ گئے۔

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ایک درجے بہتری کے بعد نمبر ون پوزیشن پر آ گئے ہیں۔انگلینڈ کے جو روٹ چار درجے تنزلی کے بعد پہلی سے پانچویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 4 درجے بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر آ گئے۔ اسٹیو اسمتھ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تھی۔

بھارت کے روی چندرن ایشون ٹیسٹ بولر کی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمینز دو درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے رابادا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن دو درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی کی رینکنگ میں ایک درجے بہتری آئی ہے۔