ورلڈکپ شیڈول 2023 کا اعلان، پاک بھارت میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا


دبئی(صباح نیوز) بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کردیا گیا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔

شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔ گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اترے گی۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔