ہنگو، کمرے میں گیس بھرجانے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق


ہنگو(صباح نیوز) ہنگو کے علاقہ گلشن کالونی میں ایک گھرمیں گیس بھر جانے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیوحکام کے مطابق رات کو ہیٹر لگا رہنے کے باعث کمرے میں گیس بھر گئی۔ دم گھٹنے سے پورا خاندان مو ت کے منہ میں چلاگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ہنگو کے علاقہ گلشن کالونی مسجد ابو مطر کے قریب نادر خان نامی شخص کے گھر میں گیس بھرنے کی وجہ سے نادر، ان کی بیوی، بیٹی اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسیکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر تمام افراد کو ایمرجنسی طبی امداد فراہم کی لیکن تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔جاں بحق ہونے والے لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کردیا گیا۔ ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہونے کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا۔