پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں ،9دہشتگرد گرفتار


فیصل آباد ،گوجرانوالہ ،ملتان(صباح نیوز)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے اورکالعدم تنظیموں کے 9 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی گرفتاری فیصل آباد، گوجرنوالہ، بہاولپور ، ڈی جی خان اور ملتان سے عمل میں لائی گئی۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹرز، فیوز اور رقم برآمد ہوئی۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناحت نوید خان ، خرم ، غلام حسین، غلام عباس، اویس ، محمد سیف، حسین ، اسماعیل اور اخوان کے ناموں سے ہوئی۔دہشت گردوں کے خلاف سات مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق رواں ہفتے 153 کومبنگ آپریشنز کے دوران 8 مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے، کومبنگ آپریشنز میں 7 ہزار 751 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔