راولپنڈی(صباح نیوز)پہلی انڈر16 انوی ٹینشل کرکٹ چیمپئن لیگ 2023 کافائنل سٹی کرکٹ کلب اور وکٹری کرکٹ کلب کے مابین کھیلاگیا ،سٹی کرکٹ کلب نے وکٹری کرکٹ کلب کو فائنل میچ میں 54رنز سے شکست دے کر فائنل ٹرافی اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا۔ سٹی کرکٹ کلب نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20اوور ز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 123رنز بنائے۔بہلول حسن کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وکٹری کرکٹ کلب کی ٹیم جو اب تک اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔
فائنل میں 124رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں 14.3 اوورز میں صرف 69رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سٹی کرکٹ کلب کی جانب سے بہلول حسن نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سٹی کرکٹ کلب کے کپتان غفارحسن مین آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے جبکہ بہلول حسن ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر قرار پائے۔راولپنڈی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نوید عباسی نے فائنل تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سٹی کرکٹ کلب کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور چیف آرگنائزر تبارک حسین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کااظہارکیا کہ وہ آنے والے وقتوں میں اس طرح کے ایونٹ آرگنائزکرکے بچوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے میںاہم کرداراداکریں گے۔سابقہ سیکرٹری راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن ساجد شاہ نے سٹی کرکٹ کلب کی فتح کو کرکٹ کی فتح قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ تبارک حسین کی راولپنڈی میں کرکٹ کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔پرنسپل ڈویژنل پبلک سکول یاسین مرزا نے بھی کھلاڑیوں کومبارکباد پیش کی اور آئندہ کے لئے کرکٹ کے ہرشعبے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
صدر الیون سٹار کرکٹ کلب راجہ اشفاق احمدنے ٹورنامنٹ کے بہترین انعقاد پر مبارکباد اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سراہا اور فائنل میں ٹرافی اٹھانے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔راجہ اشفاق احمد کی جانب سے ٹورنامنٹ کے تمام میچوںمیں مین آف دی میچ قرار پائے جانے والے کھلاڑیوںمیں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔چیف آرگنائزر تبارک حسین کو بھی مبارکباد پیش کی ۔سپورٹس جرنلسٹ شکیل اعوان نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے انہوںنے صدر ڈسٹرکٹ راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن سے درخواست کی کہ اپنی زیرنگرانی اس طرح کے ٹیلنٹ کو اوپر کی سطح پر بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں اورجو لڑکا چاہے کسی بھی لیول پر ہو ،اپنی پرفارمنس دیتا ہے تو اس کو بلاتفریق آپ کی زیرنگرانی پہلے بھی چانس ملا ہے اور مزید بھی اس طرح کے اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔چیف آرگنائزر تبارک حسین نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو کھلاڑیوں کی محنت سے مشروط کیا اور کہاکہ انشا اللہ آئندہ آنے والے ٹورنامنٹس میں بھی اسی طرح کی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔آخر میں دونوں ٹیموں میں انعامات اور ٹرافی تقسیم کی گئیں۔