مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز وہاب ریاض کا دورہ قصور

 قصور(صباح نیوز)مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز وہاب ریاض کا دورہ قصور،ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا،سپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں کو دی جانیوالی سہولیات اور مویشی منڈی میں انتظامات کو چیک کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر این اے رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عبدالغفار ڈوگر، سی ای او ایجو کیشن ملک انور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک،سی ای او ضلع کونسل سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مشیر وزیر اعلی پنجاب وہاب ریاض نے ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کو ضلع میں قائم کردہ مویشی منڈیوں، محکمہ ہیلتھ، ایجو کیشن، سپورٹس، پولیس سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب نے شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کر کے وہاں پر کھلاڑیوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہاکی، کرکٹ، فٹبال اور کبڈی گراونڈز میں مہیا کردہ سہولیات، گھاس کی کٹائی، پیچز سمیت دیگر انتظامات کو چیک کیا۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب وہاب ریاض نے بائی پاس پر قائم کردہ مویشی منڈی کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر بیوپاری حضرات کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لگائے گئے مختلف ریلیف کیمپس میں انتظامات کوبھی چیک کیا۔ اس موقع پر مشیر وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر شہریوں کو تمام شعبہ زندگی میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت بھرپور کوشاں ہے۔ نگران حکومت صحت، ایجو کیشن، سپورٹس و دیگر محکموں کی بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب بھر میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے مختلف کھیلوں کے انعقاد کروائے جا رہے ہیں تا کہ باصلاحیت نوجوان آگے آئیں اور عالمی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کریں۔۔