کیلیفورنیا،ماہرین نے جیب میں سما جانے والا ڈرون کیمرہ متعارف کرادیا

کیلیفورنیا(صباح نیوز) ماہرین نے انسانی جیب میں سما جانے والا چھوٹے سائز کا ڈرون کیمرہ متعارف کرا دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق متعارف کرائے گئے ڈرون کیمرے کا وزن 125 گرام ہے یہ ہوور کیمرہ ایکس ون اڑنے میں 3 سیکنڈ لگاتا ہے اور یوں کوئی یادگار لمحہ کیمرے کے آنکھ سے اوجھل نہیں رہ سکتا۔

ویڈیو فوٹیج کو ایک نیا رخ دینے کے لیے اس میں فلائٹ کے 5 راستے پہلے سے ہی طے یا پروگرام کیے جاسکتے ہیں جن میں سر کے اوپر کی پرواز، تعاقب، گول گھومنا یا آربٹ اور منڈلانے کے آپشن شامل ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ یہ ڈرون کیمرہ یوٹیوبرز، شوقیہ ویڈیو گرافر اور تقاریب کی مثر ریکارڈنگ کے لیے بہترین ہے۔ ڈیزائننگ کی وجہ سے ہوور کیمرہ ایکس ون اب تک کئی ایوارڈز اپنے نام کر چکا ہے اور اس کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اسے اڑانا اور کنٹرول کرنا انتہائی آسان ہے۔