شہباز شریف کا بے نظیربھٹو کو خراج عقیدت


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صد راورقومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم بے نظیربھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ  شاعرسرفراز شاہد کی وفات پر اظہارتعزیت کیا ہے ۔

پیر کے روز ٹوئٹرپر جاری اپنے بیان میں شہبا ز شریف نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی پر سابق صدرآصف علی زرداری ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، بیٹی بختاور، آصفہ اور دیگر تمام وابستگان، پارٹی رہنمائوں اور کارکنان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ بے نظیربھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، جمہوریت کی ایک دلیر آواز اور ایک بہادر و مقبول عوامی قائد تھیں۔ ان کی شہادت پاکستان ہی نہیں دنیا کی تاریخ کا ایک سانحہ ہے جس کے پراسرار عوامل پر اب تک پردہ پڑا ہوا ہے۔ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کی ملک وقوم اور جمہوریت کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین ووابستگان کو صبرجمیل دے۔ آمین ۔

شہبازشریف نے ممتاز شاعر سرفراز شاہد کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرفراز شاہد ایک ہر دلعزیز عوامی شاعر تھے۔اپنی شاعری سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ان کی زندگی گزری۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ 20 سے زائد کتب کے مصنف سرفراز شاہد کی وفات علم وفن کا بڑا نقصان ہے۔وہ اپنی کتب اور شاعری کی صورت میں زندہ رہیں گے۔اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔