لاہور (صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیا۔سری لنکا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز تیسری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق اس سیریز میں بابر اعظم کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نائب کپتان برقرار رہیں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہین آفریدی کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ محمد حریرہ اور عامر جمال پہلی بار ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔قومی ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ میں عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز اور نسیم شاہ شامل ہوں گے۔اس کے علاوہ نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود کو بھی قومی کرکت ٹیم کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ۔
پی سی بی کے مطابق ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیاجس میں چار سپنرز، چار فاسٹ بولرز، 6 مستند بیٹسمین اور دو وکٹ کیپرز شامل ہیں۔چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ جو کھلاڑی اس دورے کے لیے سلیکٹ نہیں ہوسکے ہیں انہیں مایوس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ وہ بھی ہمارے پلان کا حصہ رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والا سیزن بہت مصروف ہے اور ان کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان شاہینز کی طرف سے کھیلنے اورخود کو تیار رکھنے کے مواقع موجود رہیں گے۔قومی ٹیم تین جولائی کو کراچی میں جمع ہوگی جہاں اس کا کیمپ 9 جولائی کو روانگی تک جاری رہے گا، البتہ دورے کا شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ جاری کرے گا۔دریں اثناپی سی بی نے جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا، انہیں 6 ماہ کا کنٹریکٹ دیا گیا ۔واضح رہے کہ پاکستان اور اور سری لنکا کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز جولائی 2022 میں کھیلی گئی تھی جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔