دبئی(صباح نیوز) ایشین کرکٹ کونسل پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، ایونٹ کے چار میچز پاکستان جبکہ باقی 9 سری لنکا میں منعقد ہوں گے۔ایشین کرکٹ کونسل نے جاری بیان میں بتایا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر 2023 تک منعقد ہوگا اور اس میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ایلیٹ ٹیمیں کل 13 ون ڈے میچوں میں حصہ لیں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کی جائے گی، جس کے 4 میچز پاکستان جبکہ باقی 9 میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔مزید کہا گیا کہ ایشیا کپ 2023 میں 2 گروپ ہوں گے، ہر گروپ سے 2 ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر یں گی، سپر فور مرحلے کی 2 ٹاپ ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ایشین کرکٹ کونسل نے بیان میں مزید کہا کہ ہم دنیا بھر سے شائقین کے خیرمقدم کے منتظر ہیں کہ وہ کرکٹ کو بہترین انداز میں دیکھیں،ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے بھارت کی میں نہ مانوں کی رٹ برقرار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کا موقف ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی ۔بھارتی خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کے تجویز کردہ ‘ہائبرڈ ماڈل’ کو تسلیم کرنے کے امکانات ہیں۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا ، بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔۔