جماعت اسلامی حلقہ خواتین اسلام آباد کے تحت ایک روزہ تربیت گاہ کا انعقاد


اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین اسلام آباد کے تحت ارکان کے لئے ایک روزہ تربیت گاہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں رکن جماعت اسلامی میاں محمد رمضان نے آئندہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے خواتین ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ان الیکشنز کی خاص بات متناسب نمائندگی کا اصول ہے ،اس لیے اگر ہم کوشش کریں تو جماعت اسلامی اسلام آباد کو ایک باصلاحیت قیادت فراہم کر سکتی ہے ۔

تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے ۔رکن مرکزی اور ضلعی شوری زبیدہ خاتون نے کہا کہ اگر ہم ملک میں اسلامی نظام کے لیے کوشش نہ کریں گے تو کل ہماری نسلیں، ہمارے تعلیمی ادارے، ہماری عدالتیں، ہماری معاشیات غرض ہر چیز ہمارے ہاتھ سے نکل جائے گی۔ اس لیے خود کو دین کی مجسم دعوت بنائیں اور ہر لمحہ خود کو داعی سمجھتے ہوئے موقع شناس بنیں –

نائب ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب نزہت بھٹی نے حالات حاضرہ اور ہماری ذمہ داریوں کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اللہ کی ایک بہت بڑی رحمت ہے اس کی حفاظت اور اس میں اسلامی نظام زندگی کی کوشش کرنا ہماری زندگی کا مقصد ہونا چاہیے پروگرام میں ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید کے علاوہ جنرل سیکٹری سکینہ شاہد نے بھی خصوصی شرکت کی۔