سی پی این ای کا بجٹ 2023-24 میں صحافیوں کے ہیلتھ انشورنش کے لیے رقم مختص کرنے پروفاقی حکومت سے اظہار تشکر

کراچی(صباح نیوز)کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)نے وفاقی بجٹ 2023-24 میں صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے رقم مختص کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں وفاقی حکومت کی جانب سے صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے وفاقی بجٹ 2023-24 میں ایک ارب روپے کی رقم مختص کرنا انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس کے لئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور بالخصوص وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب داد و تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے اس فیصلے سے معاشی مسائل سے دوچار صحافیوں کی صحت اور علاج ومعالجہ کے معاملات بہتری آئے گی۔سی پی این ای کو امید ہے کہ اس اسکیم کا اطلاق بلا امتیاز ہو گا اور کسی بھی صحافی کو محروم نہیں کیا جائے گا۔