کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے 2016 سے لاپتہ شہری کی بازیابی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)اور صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کے انعقاد، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی ہدایت کردی اور تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔
جمعہ کو 2016 سے لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ شہری 8 سال سے لاپتہ ہے، اب تک اس کا سراغ کیوں نہیں لگایاجاسکا؟۔تفتیشی افسر نے شہری کی بازیابی سے متعلق رپورٹس جمع کرادیں، جس میں کہا گیا ہے کہ 25 مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) اور 15 صوبائی ٹاسک فورس اجلاس ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر کی مختلف ایجنسیوں اورحراستی مراکز کو خطوط ارسال کئے گئے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہری کی بازیابی کے لیے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔عدالت نے شہری کی بازیابی کیلئے جے آئی ٹی اور صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔عدالت نے آئندہ سماعت پرتفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔بعدازاں، سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کی سماعت 3 جون تک ملتوی کردی۔