اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی سپیشل اولمپکس ٹیم کو برلن سپیشل اولمپکس میں شرکت کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 87 افرادپر مشتمل پاکستان کی اسپیشل اولمپکس ٹیم کا 11 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینا باعثِ فخر ہے ، امید کرتا ہوں کہ ہماری ٹیم اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔
پاکستان سپیشل اولمپکس ٹیم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اسپیشل اولمپکس کی پوری ٹیم اور انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، خوشی ہے کہ ذہنی معذوری کے شکار افراد بھی کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کی سپیشل اولمپکس ٹیم نے پہلے بھی میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ مثبت سرگرمیوں میں خصوصی کی شمولیت بڑھانے کی ضرورت ہے ، اس مقصد کے لئے انہیں صحت، تعلیم ، روزگار اور کھیلوں میں اپنا نام پیدا کرنے کا موقع دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں ایک جامع اور شمولیت پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے خواہاں ہیں ، خصوصی بچوں کو عام بچوں کے ساتھ سکولوں میں تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔