آزاد کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کاشیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال کا دورہ

مظفرآباد(صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے یونیورسٹی حکام کے ہمراہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال (SKBZ-CMH) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران رئیس جامعہ نے ہسپتال کے کمانڈنٹ/میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بریگیڈیئر زاہد حسین اور ان کی ٹیم کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران ادارہ جاتی تعاون کیلئے مختلف تجاویز اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال کے جامع دورے کا مقصدسی ایم ایچ میں اندرونی اور بیرونی مریضوں کی دیکھ بھال، انتظامی نظام، ریڈیا لوجی، لیبارٹری، آئی سی یو،ایم آر آئی سمیت دیگر سہولیات کا مشاہدہ کرنا تھا۔ رئیس جامعہ نے کمانڈنٹ/میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور کمانڈنٹ کی جانب سے ہسپتال میں مریضوں کی دی جانے والی سہولیات کے بارہ میں بھی آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر رئیس جامعہ نے فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبہ جو شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال میں زیر تربیت ہیں سے بھی ملاقات کی اور ان کی تعلیمی ترقی اور تربیتی تجربات میں گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد کلیم عباسی نے ہسپتال کی انتظامیہ بالخصوص کمانڈنٹ/ایم ایس بریگیڈیئر زاہد حسین کی دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ان کی غیر متزلزل لگن کو سراہا۔

انہوں نے ہسپتال کے انفراسٹرکچر کی نمایاں توسیع اور جدید ترین الیکٹرو میڈیکل آلات کی تنصیب کی تعریف کرتے ہوئے رئیس جامعہ نے کمانڈنٹ/ایم ایس بریگیڈیئر زاہد حسین کا شکریہ ادا کیا کہ عوام الناس کوبہترین سہولیات کی فراہمی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیرکے طلبہ کو اعلی معیار کی تربیتی خدمات فراہم کرنے پر CMH انتظامیہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پروائس چانسلر نے ہسپتال کی انتظامیہ کو آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کی جانب سے شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہسپتال کو انسانیت کی خدمت کے اس عظیم مشن کی ادائیگی میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔