اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اورامریکی ترقیاتی ادارہ یوایس ایڈنے 5 سالہ دوطرفہ سمجھوتے پردستخط کردئیے ہیں جس کے تحت آ نے والے 5 برسوں میں یوایس ایڈ کی جانب سے پاکستان 44 کروڑ 56 لاکھ ڈالرکی معاونت فراہم کی جائے گی۔سیکرٹری اقتصادی امورکاظم نیاز اورپاکستان میں یوایس ایڈمشن کے ڈائریکٹررید ایشلی من نے معاہدے پردستخط کئے۔
معاہدے کے تحت امریکی ترقیاتی ادارہ ڈولپمنٹ آبجیکٹو اسسٹنس ایگری منٹ کے تحت آنیوالے پانچ برسوں میں 44 کروڑ 56 لاکھ ڈالرکی معاونت فراہم کرے گا۔معاہدے پردستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیراقتصادی امورسردارایازصادق اوریوایس ایڈ کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ایزوبیل کولمین نے بھی شرکت کی۔فریقین کے درمیان 13 سال کے بعد اس طرح کامعاہدہ ہواہے۔ قبل ازیں پاکستان اوریوایس ایڈ نے 2013 میں پاکستان انہانسڈپارٹنرشپ ایگریمنٹ پردستخط کئے تھے۔ معاہدے کے تحت ماحولیاتی لحاظ سے موزوں نمو، بہتراورشفاف اسلوب حکمرانی، اورصحت وتعلیم کے شعبوں کے زریعہ ملک کے سماجی اوراقتصادی ترقی کے عمل کوآگے بڑھایا جائیگا۔
وفاقی وزیرسردارایاز صادق نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ترقیاتی معاونت میں امریکہ بدستور کلیدی ممالک میں سے ایک ہیں، امریکہ حکومت، سول سوسائٹی اوربین الاقوامی تنظیموں کے مختلف پروگراموں کے ذریعہ پاکستان کو معاونت فراہم کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان گرین الائنس کا متمنی ہے، یہ ایک ایسا فریم ورک ہے جس کے ذریعہ زراعت، واٹر مینجمنٹ اورماحول دوست توانائی پرتوجہ مرکوزکی جاسکتی ہے۔سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن نے پاکستان کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں امریکا اوریوایس ایڈکی مسلسل معاونت پر شکریہ اداکیا۔۔