پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر اپنا کردار بھر پور طریقے سے نبھانا ہو گا، ڈاکٹر محمد امجد


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ء اور اسلام آباد گروپ کے چیرمین ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ  وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لیے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار و تعلیمات پر عمل پیرا ہیں  جسکی بدولت ملک اور قوم کی تقدیر بدل رہی ہے تحریک آزادی ،قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے عمل   میں اقلیتی برادری کا کردار نا قابل فراموش ہے،اور انکی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں

ان  خیالات کا اظہار  انھوں نے  کنونشن سینٹر میں منعقدہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت اورکرسمس تہوار کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ کپتان کی ولولہ انگیز قیادت میں حکومت  اپنے عوام کے روشن مستقبل کو محفوظ بنارہی ہے ، ریاست  کی تشکیل میں تمام مکاتب و مسالک سمیت مسیحی برادری نے بھی بانی پاکستان کی اس جدوجہد میں اپنے اپنے حصے کی شمع روشن کی ہے جس سے پورا پاکستان منور ہوا ہے

انہوں نے کہا کہ جس آزاد اور خود مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو بانی پاکستان نے پایہ تکمیل تک پہنچایا اس کی سا  لمیت اور بقا کے لئے ملک کے تمام طبقات کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے ،چیرمین اسلام آباد گروپ  نے کہا کہ 25 دسمبر  بانی پاکستان کا یوم ولادت بھی ہے اور یہ روز پاکستان سے تجدید عہد کا تاریخ ساز دن بھی ہے اور کرسمس کا تہوار بھی ہے

اس موقع پر  ہم تمام مسیحی برادری کو مبارک باد پیش کرتے  ہیں انھوں نے کہا کہ  پاکستان میں  اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہمارے عوام نے  ملک میں اقلیتی برادری کو کسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیاز ی سلوک کا احساس  نہیں ہونے دیا  اور ہر حال میں ان کے حقوق کا تحفظ کیا ہے آئین اور قانون کی بالا دستی  لازم ہے

ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی طور پر مضبوط مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے کپتان اپنی پوری ٹیم کے ساتھ  پوری طرح کوشاں ہے  پی ٹی آئی کے راہنما ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے پوری قوم  کو متحد ہو کر اپنا اپنا کردار بھر پور طریقے سے نبھانا ہو گا