چودھری پرویز الٰہی کی گرفتاری کا انداز انتہائی قابل افسوس ہے، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الٰہی کی گرفتاری کا انداز انتہائی قابل افسوس ہے، میڈیا پر مسلسل دکھائی جانے والی ویڈیو میں سرکاری کارندے جس انداز میں دھکے دیتے ہوئے پی ٹی آئی لیڈر کو لے جا رہے ہیں، وہ تہذیب اور شائستگی کا قتل ہے، اسی طرح بہت بڑھکیں لگانے والے یہ سیاسی لیڈر جس طرح چھپتے پھرے وہ بھی سیاسی رہنما کے نام پر بدنما دھبہ ہے۔

سیاسی لیڈروں کو گرفتاری سے ڈر کر چھپنے کی بجائے بہادری سے حالات کا سامنا کرنا چاہیے۔اپنے بیان میں  انھوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے پرویز مشرف کے دور میں جس طرح انھیں گرفتار کرا کر گجرات اور بہاولپور کی جیلوں میں رکھا، انھوں نے اسے فراموش کر دیا تھا، مگر آج وہ دور بھی آنکھوں کے سامنے گھوم گیا۔ چودھری پرویز الٰہی ایک بڑی پارٹی کے لیڈر ہیں، انھیں جرات کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔