لاہور(صباح نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں تباہی کا ذمہ دار صرف ایک شخص ہے جو اس وقت جیل میں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اس قیدی نے جرم کیا یا بلوا کر حملے کروائے ہیں تو کیا اسے تمغہ امتیاز ملنا چاہیے؟۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے اسلام آباد پر قبضہ کرنے کی دھمکی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور وفاق پر قبضہ اس لئے کرے گا کیونکہ وہ ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے، سیاسی جماعتیں ایک بات پر غور کریں کہ آج بھی اسمبلیوں اور پارلیمان پر ان کا قبضہ ہوچکا ہے، ادھر نہ تقریر ہوتی ہے، نہ بحث ہوتی ہے صرف احتجاج ہوتا ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سپورٹ قیمت پر گندم کی خریداری نا کرنے کت معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ حکومت کسان کو ہر صورت ریلیف دے گی ، بڑی تعداد میں نجی سطح پرگندم در آمد کی گئی جو اب رکھ بھی نہیں سکتے ہیں، اب زیادہ گندم کاشت ہوگئی اور امپورٹ بھی ہوگئی، اب حکومت کو ہر وہ چیز کرنا پڑے گی جس سے کسان کو ریلیف ملے۔مریم نواز کی پولیس کی وردی پنے پر وضاحت دیتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعزازی طور پر پولیس کی وردی پہنی، یہ پہلی بار نہیں ہوا۔