اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ،موسم خوشگوار ہو گیا ،نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ۔اسلام آباد، راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، مری اور گردونواح میں تین روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
لاہورمیں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا،بھکر،میانوالی، ڈی جی خان سرگودھا،جوہر آباد،خوشاب،بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، فیصل آباد، ساہیوال میں بھی بارش ہوئی،ملتان ،راجن پور،گجرات، شکرگڑھ میں بادل جم کر برسے،نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
خیبر پختونخوا میں سوات، ایبٹ آباد، مالاکنڈ میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا،بارش کی وجہ سے ہری پور میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی، بارش سے کوہاٹ کا موسم بھی خوشگوار ہو گیا۔
چمن، قلعہ سیف اللہ اور زیارت سمیت بلوچستان کے کئی شہروں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔آزاد کشمیر کے علاقے میرپور،نکیال اور گردونواح میں بارش ہوئی ۔